سکھر ملتان موٹر وے میں 137 ارب کی کرپشن ؟
اسلام آباد... سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سکھر ملتان موٹر وے میں 137 ارب روپے کی کرپشن کی گئی ہے۔ کمیٹی نے پاک چائنہ اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ کے حوالے سے این ایچ اے سے آئندہ کمیٹی کے اجلاس میں رپورٹ طلب کرلی ۔ کمیٹی کا اجلاس سینیٹر ہدایت اللہ کی سربراہی میں ہوا ۔ سینیٹر نعمان وزیر نے کہا کہ این ایچ اے کی طرف سے سکھر ملتان موٹر وے کا ٹھیکہ چائنہ کی کمپنی کو دیا گیا۔ ٹینڈر میں صرف3 چائنیز کمپنیوں کو شامل کیا گیا کسی پاکستانی کمپنی کو شامل ہی نہیں کیا گیا جس کو ٹھیکہ دیا گیا اس کیلئے چائنہ سے مال امپورٹ کرنے کیلئے کسٹم ڈیوٹی ختم کردی گئی۔ چائنہ نے ہمیں 80 ہزار کی چیز کو ڈیڑھ لاکھ میں دیاس میں ملک کے مفاد کو نقصان پہنچایا گیا ۔فزیبلٹی رپورٹ 240 ارب روپے کی لگائی گئی۔ ٹینڈر 440 ارب روپے کا دیا گیا چائنہ نے جو ہم سے زائد پیسے وصول کئے ہیں وہ کیسے واپس ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سکھر ملتان موٹر وے پر 103 کروڑ روپے فی کلومیٹر خرچ کیا گیا ۔ عبدالحکیم موٹر وے پر 64 کروڑ روپے فی کلومیٹر خرچ کیا گیا ہے۔ اس منصوبے میں بہت زیادہ کرپشن ہوئی ہے ۔