ٹیسٹ سیریزمیں کنڈیشنز کا رونا نہیں رو سکتے، ہندوستانی کپتان
نوٹنگھم: ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے ہاتھوں مسلسل2 ٹیسٹ میں شکست کے باوجود ٹیم کے حوصلے پست نہیں ۔ہم اب بیٹھ کر کنڈیشنز کا رونا نہیں رو سکتے۔ میزبان ٹیم کو نوٹنگھم میں تیسرے ٹیسٹ میں شکست دیکر سیریز میں جاندار کم بیک کریں گے۔ ٹیسٹ سیریز کے آخری 3میچز میں بہتر کھیل پیش کر کے سیریز جیتنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انگلینڈ نے پہلا ٹیسٹ 31رنز اور دوسرا ٹیسٹ ہند کو ایک اننگز اور 159 رنز سے ہرادیا تھا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 5 ٹیسٹ کی سیریز کا تیسرا میچ 18 اگست سے نوٹنگھم میں شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 2میچوں میں کامیابی حاصل کی۔ ان شکستوں کے باوجود ٹیم کے حوصلے پست نہیں ۔ انگلینڈ کی ٹیم ٹیسٹ سیریز میں ہوم گراونڈ پر اچھا کھیل رہی ہے اس لئے سیریز میں اسے زیر کرنے کیلئے کھلاڑیوں کو بولنگ ، بیٹنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں سو فیصد کارکردگی دکھانا ہو گی۔