HACKTHON .... حج میں نوجوان
عزہ السبیعی ۔ الوطن
سائبر سیکیورٹی کیلئے قائم سعودی آرگنائزیشن نے 3روزہ پروگرام ”ہیکٹن حج کے نام سے منعقد کیا۔ اس میں مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے 50ممالک سے تیزی کیساتھ رابطے کے کام انجام دینے والے سافٹ ویئر ڈیولپرز شریک ہوئے ۔ انکی تعداد 2950تھی۔ ہیکٹن کمپیوٹر پروگرامرز کے حلقوں میں رائج ایسی تعبیر ہے جو چند روزہ یا ایک شب کے ایسے پروگرام کے لئے استعمال کی جاتی ہے جس میں کسی خاص معاملے سے تعلق رکھنے والے مسائل حل کرنے کیلئے سافٹ ویئر ڈیولپرز جمع ہوتے ہیں۔ یہ لوگ اس مسئلے کی گتھی سلجھانے کیلئے مختلف حل تخلیق کرتے ہیں۔ عام طور پر فیس بک کا ادارہ اسے منعقد کرتا ہے۔ سعودیوں نے نہ صرف یہ کہ یہ تصور اپنایا بلکہ انہوں نے اس تصور کو ایک ایسے واقعہ سے مربوط کردیا جس سے انکا تعلق سرپرستی کا بھی ہے اور قلب و ذہن کا بھی۔ میری مراد حج سے ہے۔ سعودیوں کا مقصد عرب نوجوانوں ، خصوصاً مسلمانوں کو ٹیکنالوجی سے استفادے کیلئے غوروفکر پر آمادہ کرنا ہے۔ سعودی چاہتے ہیں کہ دنیا بھر کے سافٹ ویئر ڈیولپرز فرزندان اسلام کو حج کی ادائیگی سہل بنانے اور حج انتظامات کرنے والوں کو حج ادارے میں سہولت فراہم کرنے کیلئے سرجوڑ کر بیٹھیں۔ اسکا مطلب یہ نہیں کہ اس پروگرام کا کوئی اور مقصد نہیں ہوسکتا۔ اس پروگرام کا ایک ہدف یہ بھی ہوسکتا ہے کہ خصوصاً مسلم نوجوانوںکو جدید علم سیکھنے کی تحریک دینے کیلئے زبردست انعامات سے نوازا جائے۔ انہیں اسلامی عبادتوں کی خدمت کیلئے جدید علوم کو مسخر کرنے کی تحریک دی جائے۔ اس کانفرنس کا سالانہ انعقاد اس خصوصی فیلڈ سے مسلم نوجوانوں کو وابستہ کرنے کا محرک بنے گا۔
مسلم نوجوانو ںکو علوم و معارف اور روحانیت کے تبادلے کے لئے جمع کرنے کا تصور یہ عندیہ دے رہا ہے کہ یہ لوگ پاکیزہ اسلامی مقصد کے حصول کیلئے ایک دوسرے سے مل جل رہے ہیں۔ انہیں بدی اور دہشتگردی کی شکار گاہوں سے دور کیا جارہا ہے۔ انہیں اپنی امت اور دنیا بھر کے خلاف ٹائم بم کے طور پر استعمال کرنے سے باز رکھا جارہا ہے۔
اس قسم کی جدوجہد خالص الہامی نوعیت کی ہے۔ یہ بند روایتی دائرے سے نکل کر حقیقی سوچ کی راہ سجھا رہی ہے۔ اس کے فوائد سعودی عرب سے آگے بڑھ کر پوری دنیا اور اسمارٹ اور غیر معمولی ذہنیت رکھنے والے مسلم نوجوانوں کو اپنے اندر شامل کررہے ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ دین اور دنیا دونوں کا حسین امتزاج پیدا کیا جائے اور جدید علوم کو اسلامی اتحاد، یگانگت اور مساوات کی علامت عبادت حج سے جوڑا جائے۔ درحقیقت ہیکٹن حج دو لفظوں کا مجموعہ ہے۔ ہیکر اور میراتھن ۔ اسکا مطلب یہ ہے کہ فریضہ حج کی خدمت کیلئے مسلم نوجوانوں کے درمیان دوڑ کا انتظام کیا گیا ہے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭