یو اے ای میں کرکٹ، پاکستان کیلئے دردسر
کراچی:یو اے ای میں کرکٹ کی بہتات کے سبب پاکستان کیلئے ہوم سیریز کا شیڈول تیار کرنا دردِ سربن گیا۔یہاں کرکٹ کی بھرمار نے پاکستان کو مشکل میں ڈال دیا۔ ہوم سیریز کے شیڈول تیار کرنے میں بورڈ کو مشکلات کا سامنا ہے۔ اکتوبر میں آسٹریلیا سے پاکستانی ٹیم کی سیریز کے دوران شارجہ میں افغان لیگ کھیلی جائیگی، انہی دنوں پاکستان کوکیوی اے ٹیم کی میزبانی بھی کرنی ہے، پھر نیوزی لینڈ سے میچز کے دوران ٹی10 لیگ شروع ہو جائیگی۔اس دوران انگلینڈ لائنز کو بھی پاکستان اے سے سیریز کھیلنا اور وارم اپ میچز بھی ہونے ہیں، اتنے سارے ایونٹس کیلئے متحدہ عرب امارات کے پاس صرف 3وینیوز دبئی، ابوظبی اور شارجہ دستیاب ہیں، ان میں سے افغان سیریز اور ٹی 10 لیگ شارجہ میں ہی ہوگی۔ یوں پی سی بی کو سینئر اور جونیئر ٹیموں کیلئے صرف 2گراونڈز ہی دستیاب ہوںگے۔اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ نہ صرف وینیوز کی دستیابی بلکہ میچز میں کراوڈ کی دلچسپی کے حوالے سے بھی بورڈ کو تشویش ہے۔ ویسے ہی ٹیسٹ میچز میں زیادہ کراوڈ نہیں آتا، ایسے حالات میں تو سیریز مکمل خالی گراونڈز میں ہی کھیلے جانے کا خدشہ ہے۔ عموماً شارجہ کا میدان میچز کے دوران ہاوس فل ہوتا ہے مگر اب وہاں افغان اور ٹی 10 لیگ کے انعقاد کی وجہ سے کم میچز رکھنے ہوں گے۔ ساتھ ہی کراوڈ بھی تقسیم ہو جائے گا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ ان دنوں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے بورڈ آفیشلز وینیوز کا جائزہ لینے کیلئے یو اے ای کا دورہ کر رہے ہیں۔پی سی بی نے بھی بجٹ وغیرہ کا کام مکمل کر لیا۔ رواں ہفتے کے اختتام پر تمام سیریز کے شیڈول جاری کئے جانے کا امکان ہے۔ کینگروز 2 ٹیسٹ اور3 ٹی ٹوئنٹی جبکہ کیویز 3 ٹیسٹ،3 ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلیں گے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ پاکستانی حکام یو اے ای میں کرکٹ کی بہتات سے سخت ناخوش مگر مناسب متبادل آپشن نہ ہونے کی وجہ سے وہیں میچز کرانے پر مجبور ہیں۔ میزبان بورڈ دسمبر سے جنوری 2019ءتک اپنی لیگ بھی کرائیگا۔