پاکستانی گھڑ سوار نے منگول ڈربی جیت لی
لاس اینجلس: پاکستانی نوجوان سیف نون نے 1000 کلو میٹر طویل منگول ڈربی مکمل کرلی جسے دنیا کی مشکل ترین گھوڑوں کی ریس تصور کیا جاتا ہے۔ اس ریس میں گھڑسوار منگولیائی گھوڑوں کا استعمال کرتے ہیں اور اس کے راستے کو انتہائی مشکل تصور کیا جاتا ہے۔سیف کے ایک رشتہ دار کے فیس بک پیج کے مطابق وہ ریس میں حصہ لینے والے کم عمر ترین گھڑسوار تھے اور ان کے پاس سامان بھی موجود نہیں تھا۔ پوسٹ میں بتایا گیا کہ سیف کا ریس کے حوالے سے حفاظتی سامان ان تک پہنچ نہیں سکا، دیگر گھڑسواروں کی مدد سے وہ یہ ریس مکمل کرپائے لیکن انہوں نے ہار نہیں مانی۔ سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جانے والی ایک ویڈیو میں سیف بتارہے ہیں کہ کس طرح ریس کے دوران گھوڑے نے انہیں3 مرتبہ گرایا۔ سوشل میڈیا پر سیف نون کے کارنامے کو بھرپور انداز میں سراہا جارہا ہے۔ منگول ڈربی کو دنیا کی لمبی ترین گھوڑوں کی ریس قرار دیا گیا ہے جہاں گھڑسوار صبح سے شام تک گھوڑوں پر سواری کرتے ہیں جبکہ ہر 40 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے کے بعد گھوڑا تبدیل کیا جاتا ہے۔