قربانی کی عید پر خواتین جہاں دیگر تیاریوں میں جوش و خروش سے حصہ لے رہی ہوتی ہیں وہیں ان پر بہت سی ذمہ داریاں بھی بڑھ جاتی ہیں ۔ قربانی کا گوشت سنبھالنا ، بانٹنا اور پھر پکانا اور آنے جانے والوں کی خاطر مدارت کرنا خواتین کی گھریلو ذمہ داریوں میں اضافہ کردیتے ہیں ۔ اگر آپ یہ تمام کام خوش اسلوبی سے سنبھالنا چاہتی ہیں تو پہلے سے تیاری کر لیں ۔ قربانی کی جگہ صاف ستھری ہونی چاہیے ۔ قصاب کے ہاتھ ضرور دھلوائیے اور اوزار بھی صاف کرائیے تاکہ جراثیم کا اندیشہ نہ رہے ۔ گوشت کے لیے علیحدہ برتن رکھیں اور اس پر کپڑا ڈالیں تاکہ مکھیاں نہ آئیں ۔ پہلے سے لسٹ بنا لیں کہ آپ نے کس کس کو گوشت تقسیم کرنا ہے ۔ ایک دن پہلے بازار سے شاپر بیگ لا کر رکھیں اور ان پر نام کی چٹ لگالیں ۔ گوشت کو ہاتھ سے ملا کر تین حصے کرلیں اور اپنا حصہ علیحدہ رکھ کر بقایا تقسیم کردیں ۔ اپنے لیے بھی جو گوشت رکھنا ہو شاپر پرچٹ لگالیں ۔ یخنی کا گوشت , کبابوں کا گوشت ، پسندے کا گوشت ، روسٹ اور قورمہ کا گوشت علیحدہ علیحدہ کرکے رکھیں ۔ کسی بھی لفافے میں آدھا کلو سے زیادہ گوشت نہ رکھیں ۔ گوشت پر فوراً مکھیاں آجاتی ہیں ۔ مکھیوں سے محفوظ رکھنے کے لئے ململ کا پرانا دوپٹہ لے کر اسے سرکہ ملے پانی میں بھگوئیں اور پھر نچوڑ کر گوشت پر ڈال دیں ۔ اگر گوشت میں ذرا سی بھی بو محسوس ہو تو فوراً ایک کپ پانی میں 6 چمچ سرکہ ملا کر گوشت کو اس میں بھگو دیں ۔ پندرہ بیس منٹ بعد اسے نکال کر دھو کر پکائیں ۔ بو غائب ہو جائے گی ۔