ہائی کورٹ کا اہم فیصلہ : عیدالاضحیٰ پرکھلے مقام پر قربانی کی ممانعت
نئی دہلی۔۔۔۔اتراکھنڈ ہائی کورٹ نے اپنے اہم فیصلے میں کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پرپبلک مقامات، مذہبی مقامات اور کھلی جگہوں پر جانوروں کی قربانی نہ کی جائے۔ہائی کورٹ نے حکومت اور تمام ضلعی مجسٹریٹوں سے کہا ہے کہ وہ عدالت کے حکم پر عملدرآمدکو یقینی بنائیں۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ جانوروں کا خون نالیوں میں نہ بہایا جائے اورباقیات کھلے مقام پر نہ رکھی جائیں۔ عدالت نے یہ ہدایت تمام مذاہب کے لئے جاری کی ہے۔کارگزار چیف جسٹس راجیو شرما اور جج منوج کمار تیواری پر مشتمل بنچ نے اس سلسلہ میں دائر مفاد عامہ کی درخواست پر سماعت کے بعد یہ ہدایت جاری کی۔عدالت نے ہلدوانی میں واقع ہند ومہاسبھا کے صدر پرشانت اگروال کے خط کا نوٹس لیتے ہوئے اس معاملہ میں مفاد عامہ کی ایک درخواست داخل کی تھی ۔ آج اس معاملہ پر سماعت ہوئی۔عدالت نے کہاکہ عیدالاضحی کے موقع پر کسی بھی طرح کے جانور کی قربانی یا بلی کھلی جگہ، گلیوں یا عوامی مقامات پر نہیں دی جائے گی۔ عدالت نے مذبح خانوں میں ہی قربانی کرنے کاحکم دیا۔