خادم حرمین شریفین کو کامیاب حج آپریشن پر گورنر مکہ کا تہنیتی پیغام
جدہ .... گورنرمکہ مکرمہ ، خادم حرمین شریفین کے مشیر اور مرکزی حج کمیٹی کے سربراہ شہزادہ خالد الفیصل نے کامیاب حج آپریشن پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعودکو مبارک باد کا پیغام ارسال کیا ہے ۔ سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق تہنیتی پیغام میں گورنر مکہ مکرمہ نے کہا رب کریم کے خاص فضل وکرم اور آپ کی سربراہی میں ضیوف الرحمان کی خدمت میں کامیاب رہے ۔ حج کا عظیم آپریشن انتہائی کامیابی سے مکمل ہو گیا ۔ خادم حرمین شریفین کی جانب سے ضیوف الرحمان کی خدمت کےلئے تمام وسائل کی بہترین انداز میں فراہمی نے حج آپریشن کے تمام مراحل کو بہتر بنایا جس کے سبب معاملات بخوبی مکمل ہوئے ۔ گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے اپنے پیغام میں مزید کہا خادم حرمین شریفین کی مثالی و مدبرانہ قیادت نے دنیا کو ثابت کردیا کہ آپکی جانب سے حرمین شریفین کی خدمت کے لئے کئے گئے اقدامات بے مثال ہیں اور سعودی عرب اسلام اور عامہ المسلمین کےلئے بہترین خدمات انجام دیتا ہے ۔ حرمین شریفین کے توسیعی منصوبوں کے علاوہ مشاعر مقدسہ میں ضیوف الرحمان کو فراہم کی جانے والی خدمات لاثانی ہیں ۔ضیو ف الرحمان کی خدمت مملکت کےلئے باعث اعزاز ہے ۔ گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان کو بھی کامیاب حج کے انعقاد پر مبارک باد کا پیغام ارسال کیا ۔