ہیکرز نے ہندو مہاسبھا کی ویب سائٹ پر بیف کری بنانے کی ترکیب ڈال دی
نئی دہلی ۔۔۔۔ہندو مہاسبھا کے لیڈر سوامی چکرپانی مہاراج کے کیرالا سیلاب پر دیئے گئے متنازعہ بیان کے بعد کیرالا ہیکرز گروپ پرویب سائٹ ہیک کرنے کا الزام لگا یا گیا ہے۔ واضح ہو کہ چند روز قبل سوامی چکرپانی نے کہا تھا کہ کیرالہ کے سیلاب میں صرف ان لوگوں کی مدد کی جانی چاہئے جو بیف نہیں کھاتے ۔پارٹی کی ویب سائٹ اے بی ایچ ایم ڈاٹ او آر جی ڈاٹ ان پر نظر آیا کہ اسے ہیکرز نے ہیک کر لیا ہے۔ ویب سائٹ پر چکرپانی کے لئے بھی ایک پیغام تھا جس میں لکھا گیا، ہم لوگوں کے کردار کی بنیاد پر ان کو عزت دیتے ہیں نہ کہ ان کی کھانے کی عادتوں پر ۔ہیکرز گروپ نے سوامی چکرپانی کے متنازعہ بیان کو بھی پوسٹ کیا جس میں انہوں نے کہا تھا، گائے کا گوشت کھانا گناہ ہے، سیلاب میں مدد صرف ان کی ہونی چاہئے جو جانوروں کو نہیں مارتے ۔