Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی پی سے مل کر ہی کراچی اور سندھ کے مسائل حل ہو سکتے ہیں ، عارف علوی

لاہور۔۔۔تحریک انصاف کی جانب سے صدر کے امیدوار عارف علوی نے کہا ہے کہ 100روز میں ڈیم بن سکتا ہے اور نہ ہی دو کروڑ بچوں کو اسکولوں میں لایا جا سکتا ہے لیکن راستے کا تعین ضرور ہوگا کہ ہم پہلے کہاں جارہے تھے اور اب کہاں جائیں گے ،آئین کے مطابق حکومتی امور ایگزیکٹو کے ذمہ ہیں اور پی ٹی آئی کا وژن وزیر اعظم عمران خان پورا کرینگے تاہم ایسے بہت سے معاملات ہیں جن میں صدر ایگزیکٹو میں مداخلت نہ کرتے ہوئے مدد کر سکتا ہے ۔ہمیں بھرپور کوششیں کرنا ہو گی کہ پروٹوکول کی لعنت کم ہو جائے لیکن سکیورٹی کو بھی مد نظر رکھنا پڑے گا۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے اسلام آباد سے بذریعہ موٹر وے لاہور آمد کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ عارف علوی نے کہا کہ صدارتی انتخاب میں واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے اور جو دوست میرے مقابلے پر ہیں ان کے بارے میں کوئی بات نہیں کرنا چاہتا ۔ اس سوال پرمولانا فضل الرحمن نے بطور امیدوار سامنے آکر آپ کا ساتھ دیا ہے کا جواب دیتے ہوئے عارف علوی نے کہا کہ یہ ان کی مرضی ہے میں اس پر کیا کہہ سکتا ہوں۔ انہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ ماضی قریب کی بات ہے کہ جب حکومت کو دہشتگردوں کو پکڑنے کی فرصت نہیںتھی لیکن ہم جیسے معصوموں کو دہشتگردی عدالتوں میںپیش کیا جاتا تھا۔ حکومت نے میرے ، عمران خان ، اسد عمر سمیت دیگر کے خلاف مقدمات درج کئے اور اس مقدمے میں ضمانت پر ہوں ۔انہوںنے صدر ممنون حسین کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ میں ان کی بہت عزت کرتا ہوں ۔اس عہدے پر بیٹھ کر پارٹی سے وابستگی نہیں ہوتی لیکن ایسے بہت سے ایشوز ہیں جس پر صدر فیڈریشن کی علامت ہونے کی وجہ سے انہیں سامنے لا سکتا ہے اور فوکس کر سکتا ہے ۔ پانی ، سینی ٹیشن ، تعلیم اور ایسے بہت سے مسائل ہیں جو پورے پاکستان کا مسئلہ ہیں۔ 

شیئر: