کولکتہ میں خالی پلاٹ سے 14 نوزائیدہ بچوں کی گلی سڑی لاشیں برآمد
کولکتہ۔۔۔۔۔جنوبی کولکتہ کے ہری دیو پور میں ایک خالی پلاٹ سے 14 نوزائیدہ بچوں کی مسخ شدہ لاشیں برآمد ہوئیں۔ یہ لاشیں پلاسٹک کے تھیلے میں بندتھیں۔ اس واقعہ سے پورے علاقہ میں افرا تفری پھیل گئی ہے۔ذرائع کے مطابق زمین کی کھدائی کے دوران 14 بچوں کی لاشیں بر آمد ہوئیں جن میں سے لڑکے اور لڑکیوں کا تعین نہیں کیا جاسکا۔اس معاملہ کے بعد کولکتہ پولیس حرکت میں آگئی۔ پولیس کمشنر راجیو کمار کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا کہ ان بچوں کوکسی مقام پرمارکر لاشیں یہاں چھپا دی گئیں۔ پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ معاملہ اسقاط حمل کا لگ رہا ہے تاہم تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔