Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی فلائی اے ڈیل کا پاکستان کے لیے آپریشن شروع، پہلی پرواز کراچی پہنچ گئی

سعودی عرب کی نئی ایئرلائن فلائی اے ڈیل نے پاکستان کے لیے اپنے فلائٹ آپریشن کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
فلائی اے ڈیل کی پہلی پرواز سنیچر کو سعودی عرب سے کراچی پہنچ گئی ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق ’سعودی عرب ایئرلائن فلائی اے ڈیل کے طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر واٹر سلوٹ دیا گیا۔‘
اس سے قبل 26 دسمبر کو سعودی عرب کی معروف کم قیمت ایئرلائن فلائی اے ڈیل نے پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے لیے پروازوں کی بکنگ کا آغاز کیا تھا۔
اس وقت بتایا گیا تھا کہ یہ پروازیں فروری 2025 کے اوائل سے شروع ہوں گی اور یہ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض اور تجارتی شہر جدہ سے کراچی کے درمیان آپریٹ کی جا رہی ہیں۔
فلائی اے ڈیل کی ہیڈ آف مارکیٹنگ فاروق احمد نے اردو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلائی اے ڈیل کی یہ نئی سروس سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان ثقافتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ فلائی اے ڈیل سات سالہ پرانی ایئر لائن ہے اور یہ سعودی ایئر لائن کی سبسڈری کمپنی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ فلائی اے ڈیل ہفتے میں 6 پروازیں ریاض اور جدہ کے لیے آپریٹ کرے گی۔
پاکستان کے مزید شہروں میں توسیع
فاروق احمد کے مطابق پہلے مرحلے میں کراچی سے آپریشنز کا آغاز کیا گیا ہے، اور جلد ہی پاکستان کے دیگر شہروں لاہور اور اسلام آباد سمیت دیگر مقامات سے بھی پروازوں کا آغاز کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مارکیٹ سے ایئر لائن کو بہت اچھا رسپانس ملا ہے اور ابتدائی فلائٹس کی تمام ٹکٹس بک ہو چکی ہیں۔
پروازوں کی بکنگ اور سفری سہولتیں
کراچی کے لیے فلائی اے ڈیل کی پروازوں کے ٹکٹ ایئر لائن کی موبائل ایپ، ویب سائٹ اور مقامی ٹریول ایجنسیوں کے ذریعے دستیاب ہیں، جو مسافروں کو سفر کی بہتر منصوبہ بندی میں مدد فراہم کر رہے ہیں۔
فلائی اے ڈیل کی عالمی توسیع
فلائی اے ڈیل صرف سات سال قبل قائم ہوئی تھی اور اس نے دبئی، عمان، استنبول اور قاہرہ سمیت کئی بین الاقوامی مقامات تک اپنے نیٹ ورک کو کامیابی سے پھیلایا ہے۔
اب فلائی اے ڈیل ریاض، جدہ اور دمام سمیت سعودی عرب کے دیگر شہروں میں بھی پروازیں آپریٹ کر رہی ہے اور اپنے نیٹ ورک کو مزید وسعت دے رہی ہے۔ کراچی کے لیے فلائی اے ڈیل کی پروازوں کا آغاز کمپنی کی عالمی سطح پر رابطوں کو بڑھانے اور نیٹ ورک میں وسعت لانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔
یہ پیش رفت نہ صرف پاکستان کے مسافروں کے لیے مزید آپشنز مہیا کرے گی بلکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سیاحت کو بھی فروغ دے گی۔

 

شیئر: