مدھیہ پردیش:بھیڑ نے نوجوان کو درخت سے باندھ کر پیٹااور ہاتھ کاٹ دیا
بھوپال۔۔۔۔مدھیہ پردیش کے ضلع رائے سین کے سلطان پور کے گاؤں پیپل والی میں نوجوان کو بھیڑ نے پکڑ کر زدوکوب کیا۔پولیس ذرائع کے مطابق کلّو عرف پریم نرائن ساہو اپنی گائے کو ڈھونڈتے ہوئے ستو یادو کے مکان پر پہنچا۔ اس نے گائے کے بارے میں سوال کیا تو وہ نوجوان سے الجھ پڑا۔ اسی دوران یادو کے گھر والے اور رشتے دار وہاں پہنچ گئے اور گائے کی تلاش میں نکلے نوجوان کو درخت سے باندھ کرزدوکوب کرنا شروع کردیا۔نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد ان لوگوں نے تلوار سے اس کے دونوں ہاتھوں پر وار کیا جس میں ایک ہاتھ کٹ کر الگ ہوگیا جبکہ دوسر اشدید زخمی ہوگیا۔ بھیڑنے نوجوان کو مردہ سمجھااور چھوڑ کر چلی گئی۔ مقامی لوگوں کی اطلاع پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور زخمی کو فوراً اسپتال میں داخل کرایا۔ پولیس نے بتایا کہ2ملزمان کو گرفتار کرلیا گیاہے جبکہ 3کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔