سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار ”البلاد“ کا اداریہ
حج کے شعائر سکون و اطمینان کیساتھ ادا کرنے کے بعدسعودی عرب حجاج کرام کو انکے وطن کےلئے رخصت کررہا ہے۔ اسی کیساتھ نئے عمرہ موسم کی شروعات ہونے جارہی ہے۔ یکم محرم 1440ھ سے نیا عمرہ موسم شروع ہوگا۔ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں ایک ماہ قبل ہی اسکا آغاز کردیا جائیگا۔ اب عمرہ موسم 9ماہ کے بجائے 10ماہ کا ہوگا۔ سعودی عرب نے وزارت حج و عمرہ سمیت تمام متعلقہ وزارتوں، محکموں و اداروں کی اسکیموں کی صورت میں مطلوبہ اقدامات کرلئے ہیں۔ بڑے بڑے منصوبے پایہ تکمیل کو پہنچائے جاچکے ہیں۔ حرمین شریفین کی توسیع کے عظیم منصوبے روبعمل لائے جاچکے ہیں۔ ان کی بدولت حج و عمرہ مقامات پر زائرین کو کھپانے کی گنجائش کافی حد تک پیدا ہوگئی ہے۔ مختلف انتظامی اسکیمیں نافذ کردی گئی ہیں لہذا دنیا بھر سے زیادہ سے زیادہ معتمرین کو خوش آمدید کہنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ گزشتہ برس 70 لاکھ سے زیادہ معتمر ارض مقدس پہنچے تھے۔ 2022ءتک انکی تعداد بڑھ کر 15ملین ہوجائیگی اور پھر 2030ءمیں عمرے پر 30ملین کے لگ بھگ لوگ آئیں گے۔
سعودی عرب نے مقدس مقامات اور ضیوف الرحمن کی خدمت کو اپنی اولیں ترجیحات میں رکھا ہوا ہے۔ زمینی حقائق اس کے شاہد ہیں۔سعودی قیادت ہمیشہ یہ تاکید کرتی رہتی ہے کہ وہ اس عظیم اعزاز کی ادائیگی میں جملہ توانائیاں بروئے کار لاتی رہیگی۔ زمینی منظر نامہ اسکی گواہی دے رہا ہے۔