اس بات میں کوئی شک نہیں کہ انسان کی پہلی نظر دوسرے کے چہرے پر ہی جاتی ہے ۔ اور جہاں بات خوبصورتی کی ہو تو چہرے کے ساتھ گردن اور تھوڑی کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔ لہذا تھوڑی اور گردن کا بھی خاص خیال رکھنا ضروری ہوتا ہے ۔
ڈبل چن تھوڑی کے نیچے جمع ہو جانے والی چربی کی وہ تہہ ہوتی ہے جس کی وجہ عام طور پر موٹاپا یا ڈھلتی عمر ہوتی ہے ۔ یہ چہرے کی بناوٹ کو تبدیل کر دیتی ہے اور تصاویر میں بھی بہت بری معلوم ہوتی ہے ۔ چند آسان یوگا ورزشوں کی مدد سے ڈبل چن سے باآسانی چھٹکارا پایا جاسکتا ہے ۔
سب سے آسان اور موثر ورزش یہ ہے کہ کھڑے ہوئے یا بیٹھے ہوئے چہرے کو اوپر اور پیچھے کی طرف لے جائیں اور چھت کو گھورنے کی کوشش کریں اور ساتھ ہی ہونٹوں کو گولائی میں سکیڑ لیں ۔ جیسے ہی آپ ہونٹوں کو سکیڑیں گی آپ کو گردن اور تھوڑی کے نیچے شدید کھچاؤ کا احساس ہوگا ۔ اس پوزیشن میں پانچ سے دس سیکنڈ تک رکیں اور اس ورزش کو پندرہ سے بیس مرتبہ دہرا لیں ۔ اس ورزش کو مستقل کرتی رہیں ۔ چند دن کے اندر ہی نہ صرف ڈبل چن غائب ہوجائے گی بلکہ گردن کی جھریاں بھی ختم ہوجائیں گی اور ساتھ ہی جا لائن کی بہت خوبصورت شکل نکل آئے گی ۔
اپنے نچلے ہونٹ اور جبڑے کو اوپری ہونٹ کے اوپر لانے کی کوشش کریں اس طرح کہ جیسے آپ نچلے ہونٹ سے ناک کو چھونے کی کوشش کر رہے ہوں ۔ آپ کو تھوڑی کے نیچے کھنچاؤ محسوس ہو گا ۔ اس پوزیشن میں دس سیکنڈز کے لیے رکیں اور اسے دس سے پندرہ مرتبہ دہرالیں ۔
گردن کی سادہ ورزش بھی ڈبل چن کو کم کرنے کے لئے معاون ہے ۔ اس کے لئے تھوڑی کو سینے کے ساتھ لگانے کی کوشش کریں اور پھر کمر کو سیدھا رکھتے ہوئے دیکھیں ۔ اس طرح اوپر نیچے گردن کو دس سے بیس مرتبہ حرکت دیں ۔ خیال رہے کہ بہت تیز تیز حرکت نہ دیں بلکہ آرام آرام سےحرکت کریں تاکہ آپ تھوڑی اور گردن پر آنے والے کھنچاؤ کو محسوس کر سکیں ۔
یوگا آسن میں کوبرا پوز ، کیمل پوز اور فش پوز ڈبل چن سے نجات دلانے میں مدد دیتے ہیں ۔ اس کے علاوہ پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں کیونکہ بعض اوقات پانی کا کم استعمال بھی چہرہ اور تھوڑی پر ورم کا باعث بنتا ہے ۔