ای ووٹنگ سسٹم کے ہیک ہونے کا خدشہ؟
اسلام آباد... پاکستان کی 2 بڑی سیاسی جماعتوں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے اوورسیز پاکستانیوں کےلئے شروع کی جانے والی انٹرنیٹ ووٹنگ پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے پارلیمنٹ میں زیر بحث لانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ سابق وفاقی وزیر اور ممبر قومی اسمبلی احسن اقبال نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کےلئے نادراکی جانب سے انٹرنیٹ ووٹنگ کا جو طریقہ کار شروع کیا گیا ہے اس پر الیکشن کمیشن نے بھی تحفظات کا اظہار کیا ہے اور اسے ناقابل عمل قرار دیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دنیا کے دیگر بڑے اور ترقی یافتہ ممالک بھی انٹرنیٹ ووٹنگ کے نظام کو ناقابل عمل قرار دیکر مسترد کر چکے ہیں مگر پاکستان میں ا سے قابل عمل قرار دینے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ انٹرنیٹ ووٹنگ پر عمل درآمد سے قبل ا سے پارلیمنٹ کے سامنے پیش کیا جائے ۔ تمام سیاسی جماعتوں کو اس نظام سے متعلق اعتماد میں لیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ خدشہ ہے کہ اس نظام کو ہیک کر لیا جائے گا ۔ ملک کے اندر یا باہر سے مختلف ایجنسیاں اس کا استعمال کر سکتی ہیں ۔سابق چیرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے اس خدشہ کا اظہار کیا کہ انٹرنیٹ ووٹنگ ایسی قوتوں کے ہاتھوں میں کھلونا بن سکتی ہے جو انتخابی نتائج کو تبدیل کرکے اپنے مقاصد کےلئے استعمال کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن کی ٹاسک فورس نے اس پرتحفظات کا اظہار کیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ یہ درست ہے کہ ای ووٹنگ سسٹم کئی ممالک میں رائج ہے مگر پاکستان جیسے ملک جس کے 60لاکھ کے قریب باشندے بیرون ممالک میں مقیم ہیں ۔ اگر اس سسٹم کو ہیک کر لیا گیا تو یہ انتخابی نتائج پر اثر انداز ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن اور نادرہ مل کر بھی رزلٹ ٹرانسمشن سسٹم نہ چلا سکے جس کی ناکامی پر سنجیدہ قسم کے شکوک و شہبات پائے جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ انٹرنیٹ ووٹنگ میں سائبر کرائم کے ذریعے تبدیلی کے خدشات موجود ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانیوں کی بڑی تعداد جو مشرق وسطیٰ میں کام کرتی ہے ان کے ای میل ایڈریسز نہیں ۔ اس لئے ان سب کوانٹرنیٹ ووٹنگ کی سہولت حاصل نہیں ہوگی ۔ انہوں نے کہاکہ دنیا میں ایسا کوئی طریقہ رائج نہیں کہ اس سے جانچا جائے کہ کوئی شخص اپنی مرضی اور سوچ کے ساتھ آزادانہ طور پر انٹرنیٹ ووٹنگ میں حصہ لے سکتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ یہ سسٹم ووٹ کے تقدس اور خفیہ رکھنے کی ضمانت نہیں دیتا جو الیکشن ایکٹ 2017کے سیکشن 94اور آئین کے آرٹیکل 226کی خلاف ورزی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ انٹرنیٹ ووٹنگ کے آزمائشی استعمال سے قبل پارلیمنٹ میں زیر بحث لایا جائے ۔