سالگرہ پر موبائل فون کا تحفہ نہ ملنے پر خودسوزی
چنئی ... کالج کی ایک 18سالہ طالبہ نے سالگرہ پر والد کی طرف سے موبائل فون نہ دینے پر خودسوزی کرلی۔ پولیس کا کہناہے کہ ایک معمار کی بیٹی نے اپنے دوستوں اور رشتہ داروں کےساتھ سالگرہ کا کیک کاٹا جب مہمان چلے گئے تو اس نے باپ سے کہا کہ اب وہ اپنے وعدے کے مطابق سالگرہ کا تحفہ موبائل فون دیں۔ باپ نے اسے بتایا کہ اس کے پاس پیسے نہیں ہیں۔ وہ اگلے مہینے فون خرید کر دیدے گا۔ بیٹی ایک کمرے میں بند ہوگئی اور اس نے خودسوزی کرلی۔ خاندان والوں نے دروازہ توڑ کر اسے اسپتال پہنچایا جہاں اسکی حالت انتہائی خراب تھی اور وہ چل بسی۔ ملاتھی نامی یہ لڑکی دوستوں کی طرف سے دوسرے دوستوں کو بھیجی جانے والی تصاویر اورپیغامات دیکھ کر اپنے والدسے موبائل فون لانے کی فرمائش کیا کرتی تھی۔ اسکا کہناتھا کہ وہ اپنے دوستوں سے فون پر تعلیمی مواد کا تبادلہ کریگی لیکن اس کے والد نہیں چاہتے تھے کہ یہ بچی موبائل فون استعمال کرے۔