ہندوستان کی تشکیل نو کیلئے پُرعزم ہیں، وزیر داخلہ
نئی دہلی۔۔۔۔۔بی جے پی نے 2019 کے عام انتخابات میں زبردست کامیابی اور 2022 میں ہندوستان کی تشکیل نو کےعزم کا اظہا کرتے ہوئے کہا کہ اس کے پاس ویژن ،رہنما،پالیسی اور منصوبے بھی ہیں لیکن اپوزیشن کے پاس کچھ بھی نہیں۔اپوزیشن مودی ہٹاؤ کی سازش کررہی ہےجسے عوام قبول نہیں کرینگے۔مرکزی وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے بی جے پی کی قومی مجلس عاملہ کی میٹنگ میں سیاسی قرارداد پیش کرتے ہوئے اپنے خطاب میں سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی نظم ’’آؤ مل کر دیپ جلائیں ‘‘ کی طرز پر پارٹی کارکنوں کو’’ آؤ مل کر کمل کھلائیں‘‘ کا نیا نعرہ دیا۔وزارت فروغ انسانی وسائل کے وزیر پرکاش جاویڈکر نےپریس کانفرنس میں سیاسی تجویزکی تفصیلات پیش کیں۔راج ناتھ نے کہا کہ 2019 میں بی جے پی زبردست کامیابی حاصل کریگی ۔اپوزیشن پریشان کا شکارہے۔اس کی جانب سے صرف ’’ مودی روکو تحریک ‘‘چلا ئی جارہی ہےجس کا کوئی اثر نہیں۔ مودی حکومت میں عوام باختیار ہوئے اورامید ہے کہ ملک کی ترقی کو اسی رفتار سے جاری رکھنے کے لئے ایک بار پھر کامیاب بنائیں گے۔