ریاض: غیر ملکی تدریسی عملہ طلب کرنے پر نجی اسکول کیخلاف کارروائی
ریاض.... وزارت محنت و سماجی بہبود نے غیر ملکی کارکن طلب کرنے پر مغربی ریاض کے ایک نجی اسکول کے خلاف تادیبی کارروائی کر دی۔ تفصیلات کے مطابق مغربی ریاض کے ایک نجی اسکول میں ٹوئٹر کے اپنے اکاﺅنٹ پر تدریسی عملے کیلئے درخواستیں طلب کی تھیں۔ اشتہار میں باقاعدہ پابندی لگا دی گئی تھی کہ غیر ملکی ہی تدریس کی اسامیوں کیلئے درخواستیں دینے کے مجاز ہوں گے۔ وزارت کے انسپکٹرز نے اسکول پہنچ کر عملے کی فائلیں طلب کر لیں جن سے پتہ چلا کہ سعودیوں کیلئے مخصوص پیشوں پر بھی متعدد غیر ملکی ملازم کام کر رہے ہیں۔ وزارت نے طے کیا کہ تمام قواعد و ضوابط کی پابندی کے مکمل اطمینان تک مذکورہ اسکول پر پے در پے چھاپے مارے جاتے رہیں گے۔