60لاکھ ریال اینٹھنے والا کہاں گیا؟
مکہ مکرمہ ...سعودی سیکیورٹی اداروں نے 440سعودی خواتین و حضرات سے گھریلو ملازمائیں فراہم کرنے کے نام پر 60 لاکھ ریال سے زیادہ اینٹھنے والے گروہ کے مالک کو گرفتار کرلیا۔ گروہ نے ایشیائی ممالک سے گھریلو ملازمائیں فراہم کرنے کا جھانسہ دیا تھا۔ مکہ اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گروہ کے مالک نے ایک ملازمہ فراہم کرنے کی فیس 22ہزار ریال وصول کی تھی۔ گروہ کے مالک کو طائف کی جیل میں قید کردیا گیا ہے۔ اسکے خلاف بہت سارے مقدمات پہلے ہی سے درج تھے۔ اس نے دھوکہ دیا تھا کہ وہ انڈونیشیا سے پابندی کے باوجود گھریلو ملازمائیں لائےگا۔ اس نے واٹس ایپ پر بھیجے گئے پیغامات میں مقامی شہریوں کو ملازمائیں فراہم کرنے کے وعدے کئے تھے۔ پیسوں کی وصولی کے بعد گروہ کے متعلقہ افراد روپوش ہوگئے تھے۔