ماحول دوست سفینہ سمندرسے روزانہ 5ٹن پلاسٹک نکالتا اور ری سائیکل کرتا ہے
ساؤتھمپٹن.... ہمپشائرکے اس علاقے میں کشتیوں اور سفینوں کی حالیہ نمائش کے دوران ایک ایسا ماحول دوست سفینہ بھی پیش کیا گیا جو گوناگوں سہولتوںسے لیس ہونے کے علاوہ بیک وقت کئی کام بھی کرتا ہے۔ نمائش میں ماحول دوست کشتیوں کے کئی نمونے رکھے گئے تھے۔ جن میں سے ایک ایسا عجوبہ روزگار تھا کہ اس کے بارے میں جاری ہونے والی تفصیلات کے مطابق یہ جہاز روزانہ سمندر کی سطح پر جگہ جگہ پھیلے ہوئے پلاسٹک اور پلاسٹک کے ٹکڑوں کو جمع کریگا ۔ پلاسٹک جمع کرنے کیلئے اسکی گنجائش 5ٹن یومیہ ہے اور یہ سفینہ 4کروڑ پونڈ میں دستیاب ہوسکے گا۔ سفینے کی خاصیت یہ ہے کہ سمیٹے ہوئے پلاسٹک اور اسکے ٹکڑوں کو بہت باریکی سے چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹے گی اور پھر سفینے کے اوپر ہی نصب ایک ایسی مشین میں ڈالے گی جو ری پروسیسنگ مشین کہلاتی ہے او راس طرح یہ مشینری جمع شہ پلاسٹک سے ایندھن تیار کریگی۔ مشینری ایسا کرتے ہوئے کم سے کم ماحولیاتی آلودگی پھیلائے گی۔ کشتی کا نام اوشن سیویئر رکھا گیا ہے او ریہ اپنی قسم کا پہلا سفینہ ہوگا جو سمندر پر پھیلے ہوئے پلاسٹک اور دوسرے کچرے کو ایندھن کی شکل دے سکے گا۔ اس کی ڈیزائننگ کرنے والوں کا کہناہے کہ اس قسم کے متعدد سفینے اگر سمندر میں چلتے پھرتے رہیں تو علاقائی ماحولیاتی آلودگی بڑی حد تک کم ہوسکے گی۔ بی بی سی نے اپنے مشہور اختراعی پروگرام بلوپلانیٹ کے نام سے جو دستاویزی فلم دکھائی ہے اس میں کشتی کی ساری تفصیلات بیان کی گئی ہیں۔ یہ پروگرام دنیا کے مشہور نیچرلسٹ اور ماہر ماحولیات سر ڈیوڈ ایٹن برو نے پیش کیا۔ پروگرام کے دوران انہوں نے اس کشتی کو سمندروں کا ’’کاشتکار‘‘ قرار دیا۔ کشتی 70میٹر لمبی ہوگی۔