Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل 10 کا آج سے آغاز، افتتاحی تقریب راولپنڈی میں

پی ایس ایل 10 کے پہلے میچ میں اسلام آباد یونائٹڈ اور لاہور قلندرز مدمقابل ہوں گے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کا آج سے راولپنڈی میں آغاز ہونے جا رہا ہے۔ 
افتتاحی تقریب شام سات بجے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہو گی جس میں معروف گلوکار اپنی پرفارمنس کا جادو جگائیں گے۔
تقریب کے بعد پہلے میچ میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گے، میچ کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے آٹھ بجے ہو گا۔
34 میچوں پر مشتمل ٹورنامنٹ میں 12 اپریل، یکم اور 10 مئی کو  دو، دو میچز شیڈول ہیں جبکہ بقیہ دنوں میں سنگل میچز ہوں گے۔ سہہ پہر کے تین میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجے شروع ہوں گے۔
پی ایس ایل سیزن 10 مجموعی طور پر چار مقامات پر کھیلا جائے گا جن میں کراچی کا نیشنل سٹیڈیم، لاہور کا قذافی سٹیڈیم، ملتان کرکٹ سٹیڈیم اور پنڈی کرکٹ سٹیڈیم شامل ہیں۔
لاہور کے نئے تجدید شدہ قذافی سٹیڈیم میں 13 میچز ہوں گے جن میں کوالیفائرز، ایلیمینیٹر اور 18 مئی کا فائنل شامل ہے۔ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم 11 میچوں کی میزبانی کرے گا جبکہ ملتان کرکٹ سٹیڈیم اور نیشنل بینک سٹیڈیم میں پانچ، پانچ میچز کھیلے جائیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل سیزن 10 کی انعامی رقم کا اعلان بھی کردیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق ٹورنامنٹ کا فائنل جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی کے ساتھ 5 لاکھ امریکی ڈالر جبکہ رنرز اپ کو 2 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم ملے گی۔
واضح رہے اس سال بھی پی ایس ایل میں چھ ٹیمییں شریک ہیں۔ پشاور زلمی کی کپتانی بابر اعظم کر رہے ہیں، کراچی کنگز نے آسٹریلوی سٹار کرکٹر ڈیوڈ وارنر کو کپتانی سونپ دی ہے۔ 
محمد رضوان ملتان سلطانز کے کپتان ہیں، سعود شکیل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، شاہین شاہ آفریدی لاہور قلندرز اور شاداب خان اسلام آباد یونائٹڈ کی کپتانی کر رہے ہیں۔ 
پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں منعقد ہونے والی افتتاحی تقریب میں معروف صوفی گلوکارہ عابدہ پروین سمیت دیگر گلوکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔
اس کے علاوہ پی ایس ایل اینتھم کے لیے علی ظفر، ابرار الحق، نتاشا بیگ اور طلحہ انجم بھی اپنی آواز کا جادو جگائیں گے جبکہ تقریب کے دوران شائقین کو آتش بازی بھی دیکھنے کو ملے گی۔

شیئر: