عمران خان کا مودی کو جوابی خط‘ مذاکرات شروع کرنے پر زور
جمعرات 20 ستمبر 2018 3:00
اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے منصب سنبھالنے پر ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کے مبارک باد پر مبنی خط کے جواب میں خط لکھتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ اس حوالے سے ذرائع کے مطابق جوابی خط میں دونوں ممالک کے مابین مذاکرات کا سلسلہ بحال کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان باضابطہ مذاکرات جلد شروع کرنے پر زور دیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے خط میں کہا کہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ بات چیت کا آغاز کریں اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کی سائیڈ لائنز پر وزرائے خارجہ مذاکرات کریں۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں ملکوں کے تعلقات بلاشبہ ناقابل تردید چیلنجز کا شکار ہیں تاہم پاکستان دہشت گردی کے معاملے پر بھی یقینی طور پر بات کرنے کو تیار ہے ۔ عمران خان نے خط میں کہا کہ مسئلہ کشمیر سمیت سرکریک اور سیاچن کے تنازعات کا حل تلاش کرنا ہوگا، پاکستان اور ہند کو اپنے عوام اور آنے والی نسلوں کی بہتری اور امن کےلئے اقدامات کرنا ہونگے ۔