جدہ ..... او آئی سی کی وزرائے اطلاعات کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی وزارت اطلاعات و نشریات و قومی ورثے کی سیکریٹری مسز صبا محسن رضا کرینگی۔ یہ کانفرنس جدہ میں 19سے 22دسمبر تک جاری رہیگی اور اسکا موضوع ”دہشتگردی اور اسلام فوبیا سے نمٹنے کیلئے میڈیا کا کردار“ ہوگا۔کانفرنس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جائیگا اور مختلف قراردادیں منظور کی جائیں گی جو القدس اور مسجد اقصیٰ کی حمایت میں او آئی سی ملکوں میں میڈیا کے کردار کے بارے میں ہیں۔کانفرنس میں افریقہ میں خصوصی میڈیا پروگرام پر عمل درآمد پر بھی بات ہوگی اور خاص طور پر عالم اسلام کے کردار پر روشنی ڈالی جائیگی۔ دیگر ملکوںمیں بھی اسی قسم کے پروگرام شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔ کانفرنس میں او آئی سی کے سیٹلائٹ چینل کے آغاز کے سلسلے میں رپورٹ بھی زیر غور آئیگی جبکہ او آئی سی کے جوائنٹ اسلامک میڈیا ایکشن اداروں کے کام کی حمایت کی جائیگی۔