یوم وطنی پر آرامکو کی طرف سے دسیوں پروگرام
ظہران.... سعودی آرامکو نے مملکت کے 88ویں یوم وطنی کا جشن منانے کیلئے بہت سارے پروگرام ترتیب دیدیئے۔ کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل کلچرل سینٹر ”اثراء“ 23ستمبر تک ہزاروں مہمانوں کی ضیافت کریگا۔ جدہ میں انٹریکشن شو منعقدہوگا۔ جبکہ مملکت کے مختلف علاقو ںمیں آرامکو کے ماتحت رہائشی مراکز میں خصوصی تقریبات منعقد ہونگی۔ اثراء پہلی بار یوم الوطنی انتہائی شان و شوکت کےساتھ منا رہا ہے۔ جشن کے موقع پر فلم ”جود“ مملکت کے 16شہروں میں 20مقامات پر پیش کی جائیگی۔ علاوہ ازیں ٹوکیو، سیول ، بیجنگ اور نئی دہلی سمیت تین براعظموں کے 15ممالک کے19شہروںمیں بھی یہ فلم دکھانے کا پروگرام بنایا گیا ہے۔ عالمی شہروں میں لندن، پیرس ، واشنگٹن ، ماسکو ، استنبول، روم اور اوسلو شامل ہیں۔