Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان فٹبال ٹیم سکس اے سائیڈ سوکا ورلڈ کپ کیلئے پرتگال روانہ

 
کراچی:پاکستان فٹبال ٹیم سکس اے سائیڈ سوکا ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے پرتگال کے شہر لزبن روانہ ہوگئی ۔ ٹیم منیجر کے مطابق کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کیلئے بے چین ہیں۔ پاکستان ٹیم ایک ایسے ایونٹ کا حصہ بننے جارہی ہے جہاں دنیائے فٹبال کی عظیم ممالک کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ پاکستان کیلئے اس ایونٹ کا حصہ بننا ہی کسی اعزاز سے کم نہیں۔ 32 ممالک کی ٹیموں پر مشتمل اس تاریخی اور یادگار ایونٹ میں پاکستان گروپ بی میں اسپین، مالدووا اور روس کے ساتھ موجود ہے۔ روانگی سے قبل ٹیم کے کپتان آفاق احمد نے کہا کہ ٹیم نے ایونٹ کے لیے بھرپور محنت کی ہے ، قوی امید ہے کہ اچھے نتائج پیش کریں گے، انھوں نے کہا کہ ہمارے کھلاڑی مکمل طور پر فٹ اور بھر پور ردھم میں ہیں، ایونٹ تجربہ میں اضافہ کا سبب بنے گا، ٹیم کوچ طارق لطفی نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑی حیرت انگیز کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ ایونٹ میں 32 ٹیموں کو 4،4 کے 8گروپس میں رکھا گیا ہے اور ہر گروپ میں موجود ٹیمیں اپنے گروپ کی تمام ٹیموں سے سنگل لیگ کی بنیاد پر باہم مقابل ہوگی۔ہر گروپ کی 2 ٹاپ ٹیمیں پری کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کریں گی، بعدازاں مزید کامیابی حاصل کرنے والی ٹیمیں کوارٹر فائنلز، سیمی فائنلز اور فائنل میں پہنچیں گی، ایونٹ کا فائنل 29 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز"واٹس ایپ اسپورٹس "گروپ جوائن کریں

شیئر: