پلوامہ میں عسکریت پسندوں اور فورسز میں مسلح جھڑپ
سری نگر۔۔۔۔جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے آری پل ترال میں عسکریت پسندوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان مسلح جھڑپ شروع ہوگئی۔ریاستی پولیس کے ترجمان نے بتایاکہ ترال کے ڈار گنائی گنڈ آری پل میں گزشتہ رات سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔ یہ تلاشی مہم مسلح تصادم میں تبدیل ہوگئی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق علاقہ میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر فوج ، جموں وکشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس نے مذکورہ علاقے کا محاصرہ کرلیا اورسرچ آپریشن شروع کیا۔انہوں نے بتایا کہ تلاشی مہم کے دوران وہاں موجودعسکریت پسندوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس کے بعد دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔سیکیورٹی فورسز نے علاقہ میں احتجاجی مظاہروں کو روکنے کیلئے بڑے حصے کو محاصرے میں لے لیا۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ دونوں جانب سے گولہ باری کا تبادلہ جاری ہے۔