ریڈیو پاکستان کی عمارت لیز پر دینے کے احکامات واپس
اسلام آباد...ریڈیو پاکستان کے ملازمین ک احتجاج کے بعد وزار ت اطلاعات نے ریڈیو پاکستان کی عمارت کو لیز پر دینے کے احکامات واپس لے لئے ۔ ریڈیو پاکستان کے ملازمین نے حکومتی فیصلے کےخلاف پارلیمنٹ کے سامنے احتجاج کیا۔ ریڈیو پاکستان کی عمارت لیز پر دینے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ۔قبل ازیں پولیس نے ملازمین کو پارلیمنٹ کی جانب جانے سے روکنے کی کوشش کی تاہم ملازمین شاہراہ دستور پر پارلیمنٹ کے سامنے تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے۔دریںاثناءوفاقی وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ ریڈیو قومی اثاثہ ہے۔ اسے بند یا نجی شعبے میں نہیں دیا جائے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اطلاعات نے ریڈیو کو مالی مشکلات سے نکالنے کے لئے محض تجویز پیش کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان سے کسی ملازم کو نکالا جائے گا اور نہ کسی کے خلاف کارروائی ہوگی ۔ریڈیو کی مزید بہتری کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔