ضمنی انتخابات کیلئے مریم نواز کو خصوصی ٹاسک
جمعرات 27 ستمبر 2018 3:00
راولپنڈی ...مسلم لیگ ن نے ضمنی انتخابات کے لئے حکمت عملی تیار کرلی ۔سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو ضمنی انتخابات میں کامیابی کا خصوصی ٹاسک دیا گیا ۔ مریم نواز انتخابی مہم کی نگران ہوں گی ۔ مسلم لیگ ن کے امیدواروں کے مرکزی انتخابی جلسوں سے خطاب بھی کریں گی ۔ذرائع نے بتایاکہ ملک بھر کی طرح راولپنڈی شہر سمیت ڈویژن میںقومی اسمبلی کی 4نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لئے مہم آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے ۔ یاد رہے کہ اٹک سے تحریک انصاف کے امیدوار میجر (ر)طاہر صادق نے 2نشستوں پر کامیابی کے بعد این اے56کی نشست چھوڑ دی تھی ۔ این اے60میں مسلم لیگ ن کے امیدوار حنیف عباسی کو ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں سزا کے بعد اس نشست پر الیکشن ملتوی کر دیئے تھے ۔ وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے59اور63میں کامیابی کے بعد این اے63ٹیکسلا کی نشست چھوڑ ی تھی اور ا سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی نے بھی 2نشستوں پر کامیابی کے بعد این اے67تلہ گنگ کی نشست چھوڑ دی تھی ۔