افتخار چوہدری کے داماد کو بارگین کی پیشکش
اسلام آباد... وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس کے داماد عدالت کی اجازت اور تصدیق سے نیب کے ساتھ بارگین کے ذریعے اعتراف جرم کر کے لوٹی ہوئی دولت جرمانے کے ساتھ واپس کر دیں تو ان کی جان چھوٹ جائے گی۔ حکومت کا ان کے معاملات سے کوئی لینا دینا نہیں ۔انہوں نے کہا کہ مجرموں اور سزا یافتہ افراد کا نادار کی مدد سے مرکزی ڈیٹا بیس بنا رہے ہیں جس سے جرائم پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ ٹی وی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کو عوام کی نظر میں رسوا نہیں کرنا چاہتے۔ ان کا اپنے داماد کے خلاف سیاسی انتقام کا الزام بے بنیاد ہے۔ وہ ہزاروں لوگوں کی عمر بھر کی پونجی ہڑپ کر کے خو د کینیڈین شہریت کے پیچھے نہیں چھپ سکتے۔ پاکستانی قانون کا اطلاق پوری دنیا میں ہوتا ہے۔ انٹر پول کے جس ر یڈ نوٹس پر مرتضی امجد کو گرفتار کیا گیا وہ سابق دور حکومت میں جاری ہوا ۔سابق چیف جسٹس کے داماد اور ان کے خاندان نے ایڈن ہاوسنگ اسکیم میں عوام سے 13 ارب کا فراڈ کیا ہے۔ ہزاروں متاثرین گزشتہ برس سے لاہور کی سڑکوں پر سراپا احتجاج ہیں ۔انہوں نے کہا کہ افتخار چوہدری کا اپنے داماد پر کینیڈین شہری ہونے کے باعث پاکستانی قانون کا اطلاق نہ ہونے کا دعویٰ غلط اور سپر یم کورٹ کے جج کے شایان شان نہیں ۔ قانون کا ادنیٰ طالب علم بھی جانتا ہےکہ پاکستانی قانون کا اطلاق پوری دنیا میں ہو سکتا ہے ۔ بیرسٹرشہزاد اکبر نے کہا کہ افتخار چوہدری کا اپنے داماد او رسمدھی کے مقدمات کی سماعت کرنا عدالتی رو ایات اور انصاف کے تقاضوں کے منافی اقدام تھا ۔