پاکستان اور ترکی کی قرار داد منظور
نیویارک...اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں پاکستان اور ترکی کی جانب سے اسلام، مقدس شخصیات اور شعائر پر ہونے والے حملوں اور مہم کی فوری خاتمے کے لئے پیش کردہ قرار داد کی منظوری دی گئی۔او آئی سی وزرائے خارجہ کا اجلاس نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس کے موقع پر ہوا۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے خطاب میں اسلام کی غلط تفہیم اور پوری دنیا میں موجود مسلمانوں کی دل آزای کے لئے ہونے والی سرگرمیوں بالخصوص اسلام کی مقدس ترین ہستیوں کی گستاخی پر تشویش کا اظہار کیا۔وزرائے خارجہ کے اجلاس کے بعد جاری بیان میں کہا گیا کہ مسلمانوں اور شعائر اسلام کو ہدف بنا کر چلائی جانے والی نفرت انگیز مہم پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ اسلام کو نشانہ بنانے کے لئے خاکوں کے مقابلے اور دیگر اشتعال انگیز سرگرمیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا گیا کہ ان سب کا واضح مقصد اشتعال کو بڑھانا ہے۔