سماعت میں نواز شریف کی عدم موجودگی‘ نیب عدالت برہم
اسلام آباد: نیب عدالت میں فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس کیس کی سماعت کے دوران سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف حاضر نہیں ہوئے جس پر عدالت نے اظہار برہمی کیا۔ ذرائع کے مطابق کیس کی سماعت میں نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث بھی پیش نہیں ہوئے۔ اس موقع پر معاون وکیل نے بتایا کہ خواجہ ہارث کی طبیعت ٹھیک نہیں۔
سماعت کے دوران احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے کہا کہ یہ عمل درست نہیں کہ ملزم پیش ہونے میں اپنی مرضی سے کام لے۔ نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی نے کہا کہ نوازشریف نے حاضری سے استثنا کی درخواست بھی دائر نہیں کی۔ یہ اپنی مرضی سے عدالت کو چلانا چاہتے ہیں۔ جس پر معاون وکیل نے کہا کہ میں اس طرح کے الفاظ استعمال نہیں کرنا چاہتا۔
عدالت نے کچھ وقت کی مہلت دیتے ہوئے معاون وکیل کو کہا کہ آپ تسلی سے پتا کر لیں کہ آج خواجہ حارث اور نواز شریف پیش ہوں گے یا نہیں۔