Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مالی مسائل میں اضافہ

لاہور: مالی مشکلات کا شکار پاکستان ہاکی فیڈریشن ایک اور مشکل میں پھنس گئی ۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی طرف سے مناسب حکمت عملی نہ اپنائے جانے کے بعد فیڈریشن کا اکاونٹ خالی پڑا ہے۔حکام کا خیال تھا کہ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے دور میں منظور ہونے والی 20 کروڑ روپے کی گرانٹ ملے گی تواس رقم سے کھلاڑیوں کے واجبات ادا کر دیں گے تاہم چیمپئنز ٹرافی میں گرین شرٹس کی مایوس کن کارکردگی کے بعد نگران وفاقی حکومت نے کروڑوں روپے کی یہ گرانٹ روک لی جس کے بعد مالی مسائل نے پی ایچ ایف کو بری طرح جکڑ لیا ۔ فیڈریشن کے صدرخالد سجاد کھوکھر نے ایشین گیمز سے قبل ہنگامی بنیادوں پررقم کا انتظام کر کے ٹیم کے ہر کھلاڑی کو 8 لاکھ میں سے 6 لاکھ روپے کی ادائیگیاں کیں۔ اب ایشین چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھی ہر کھلاڑی کو2 لاکھ روپے دینے باقی ہیں۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ قومی کیمپوں کے موقع پر ٹیم کے ہر کھلاڑی کو یومیہ ایک ہزار روپے جبکہ انٹرنیشنل ایونٹس کا حصہ بننے کی صورت میں 150 ڈالر یومیہ ملتے ہیں۔کھلاڑیوں کا کہنا تھاہے کہ قاسم ضیاء کے دور میں سینٹرل کنٹریکٹ دیے جاتے تھے تاہم یہ معاہدے بھی ختم کئے جا چکے ہیں جس کے بعد ہمارا سارا دارومدار انٹرنیشنل ٹورز کے موقع پر ملنے والی رقوم پر ہوتا ہے، واجبات نہ ملنے کی وجہ سے ہمارے مالی حالات خراب ہو چکے ہیں۔
 کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ  جوائن کریں

شیئر: