ہاکی ٹیم سے فوری فتوحات کی امید نہیں ، حسن سردار
لاہور: ہالینڈ کے کوچ رولینٹ اولٹمین کے مستعفی ہونے کے بعد پاکستانی ہاکی ٹیم کے غیرملکی ٹرینر نے بھی استعفیٰ دے دیا ہے جبکہ حسن سردار کو ٹیم کا چیف کوچ بنا دیا گیا ہے ۔ آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے ڈینیل بیری کو رولینٹ اولٹمین کی سفارش پر ہی ٹیم کے ساتھ وابستہ کیا گیا تھا۔ ڈینیل نے 23 اپریل 2018ء کو ٹیم جوائن کی تھی اور ایبٹ آباد میں پہلی بار کھلاڑیوں کے فزیکل کنڈیشنگ کیمپ میں ذمہ داریاں نبھائیں۔ ڈینیل بیری کی موجودگی میں ٹیم کی فٹنس میں بہتری کے آثار نظر آنا شروع ہوئے تھے۔ ڈینیل بیری نے پی ایچ ایف کو مزید کام نہ کرنے کے فیصلے سے باضابطہ طور پر آگاہ کردیا ہے۔ دوسری جانب پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایک مرتبہ پھرحسن سردار کو چیف کوچ مقرر کیا ہے۔ ایشین چیمپئنز ٹرافی کیلئے لاہور میں شروع ہونے والے کیمپ کیلئے ملکی ٹرینر کی خدمات لی جائیں گی۔ حسن سردار نے کہا ہے کہ ہاکی ٹیم سے فوری فتوحات کی امید نہ رکھی جائے۔پاکستان ہاکی ٹیم تشکیل کے مراحل سے گزررہی ہے۔ کھلاڑیوں کی کارکردگی میں بتدریج بہتری آئے گی لیکن سچی بات یہ ہے کہ کھلاڑیوں کوعالمی معیار کی فٹنس حاصل کرنے میں 2سال لگیں گے۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ جوائن کریں