لکھنؤ: بدمعاشوں نے 2بھائیوں کوفائرنگ کرکے ہلاک کردیا
جمعرات 4 اکتوبر 2018 3:00
لکھنؤ۔۔۔۔ٹھاکر گنج کے مصاحب گنج چنگی کے قریب موٹرسائیکل سواربدمعاشوں نے عمران غازی اور اس کے بھائی ارمان کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ ان کا دوست نیشانت موقع پاکر وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور زخمیوں کوفوراً اسپتال پہنچایاجہاں علاج کے دوران ان کی موت ہوگئی۔عینی شاہدین کے مطابق عمران ، ارمان اور ان کا دوست نیشانت کارسے گھر واپس جارہے تھے کہ بجرنگی سنگھ انٹر کالج کے قریب گھات میں بیٹھے حملہ آوروں نے پہلے دونوں بھائیوں کو کار سے کھینچ کر باہر نکالا اورلاٹھی ڈنڈوں سے زدوکوب کرکے لہولہان کرنے کے بعد گولی مارکر فرار ہوگئے۔ قتل کی واردات کے بعد علاقے میں کشیدگی کا ماحول پیدا ہوگیا۔ عمران کے عزیزو اقارب اور جاننے والوں کی بڑی تعداد تھانے کے قریب جمع ہوگئی اور نعرے بازی کرتے ہوئے ملزمان کو فوراً گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔کشیدگی کے پیش نظر اضافی پولیس دستہ علاقے میں تعینات کردیا گیا۔ اے ڈی جی راجیو کرشنا ، آئی جی سجیت پانڈے بھی پہنچ گئے۔ ایس ایس پی کلا ندھی نیتھانی نے متاثرہ خاندان سے پوچھ گچھ کی تو معلوم ہوا کہ چند روز قبل ایک جرائم پیشہ نوجوان نے دونوں بھائیوں سے تنازع کے بعد یہ واردات انجام دی۔