Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

6کمروں پر مشتمل گھر 3.95ملین میں برائے فروخت

لندن  .... آئل آف ویٹ  کے ساحلی قصبے کوار میں ایک انتہائی عالیشان مکان برائے فروخت ہے۔ 6کمروں پر مشتمل اس ڈریم ہوم کی قیمت ساڑھے 39لاکھ پونڈ بتائی جارہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق 3سال قبل ہی اسکی آرائش و زیبائش پر 30لاکھ پونڈ خرچ کئے گئے تھے اور اسے چینل فور پر دکھائے جانے والا سب سے اعلیٰ اور منفرد ڈیزائن کا حامل قرار دیا گیا تھا۔ سب سے اہم اور دلچسپ بات یہ ہے کہ اسکا اپنا ایک شاندار سوئمنگ پول بھی ہے جبکہ چھت پر ٹیرس ہے اور  دوسری جدید ترین سہولیات بھی اس میں موجود ہیں۔ یہ عالیشان مکان برام اور لیز وز نامی جوڑے کی ملکیت ہے۔ جن لوگوں نے بھی یہ مکان  براہ راست دیکھا یا چینل فور پر دکھائے  جانے والے  پروگرام میں اسے دیکھا ہے وہ اسکی خوبصورتی انتہائی حسین محل وقوع ، آس پاس کے دلکش نظارے سب کی داد دیئے بغیر نہیں رہ پارہے۔ مکان میں 6بیڈ روم کے علاوہ ایک بڑا سا کمرہ مختلف کھیلوں کیلئے وقف ہے۔ 6کمروں میں سے 2کمرے  کا رخ سمندر کی جانب ہے۔ لوگوں کو حیرت ہے کہ اتنا خوبصورت مکان جس کے ہزاروں خریدار مل سکتے ہیں اور جو محض تین سال قبل بنا اور تزئین و آرائش کے مراحل سے گزرا ہے اتنے سستے داموں اوراتنی عجلت میں کیوں فروخت کیا جارہاہے۔ کہا جاتا ہے کہ مکان کی تیاری کیلئے دونوں میاں بیوی کو تقریباً 11 مختلف  ذرائع سے قرضے حاصل کرنا پڑے تھے۔ اطلاعات کے مطابق اب دونوں میاں بیوی اس عالیشان مکان کو فروخت کرکے کسی دوسری جگہ ایک ترقیاتی منصوبے میں دلچسپی لے رہے ہیں اور ہوسکتا ہے کہ انکا نیا مکان اسی پراپرٹی کا حصہ ہو۔
مزید پڑھیں:- - - - -بچی کی موت کے بعد دوسرے بچوں کیلئے الرجی سے محفوظ رہنے والا مکان تیار

شیئر: