شارپشائر.... یہاں رہنے والی 17سالہ لڑکی جارجیا ایک ہولناک حادثے میں ہلاک ہوگئی اور واقعہ سے متعلق معاملے کی سماعت کے دوران عدالت میں یہ بات سامنے آئی کہ سامنے موجود لاری کو ٹکر مار کر موت کے منہ میں جانے والی لڑکی حادثے کے وقت واٹس ایپ او راسنیپ چیٹ پر پیغامات میں مصروف تھی۔ اطلاعات کے مطابق مارکٹ ڈریٹن علاقے کی رہنے والی لڑکی نے 6ماہ قبل ہی ڈرائیونگ کا امتحان پاس کیا تھا مگر واٹس ایپ اور اسنیپ چیٹ پر پیغامات وصول کرنے میں اتنی منہمک ہوگئی کہ وقتی طور پر اسے کوئی ہوش نہ رہا اور اس نے سامنے سے آنے والی لاری سے اپنی کار ٹکرا دی۔ یہ واقعہ گزشتہ سال نومبر کا ہے جس کی چھان بین کے سلسلے میں متعلقہ محکموں کی کوششوں کے حوالے سے مقامی عدالت میں اب سماعت شروع ہوئی ہے اور ساری تفصیلات اب سامنے آچکی ہیں۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اس ہولناک حادثے سے لڑکی کو بچانے کیلئے آس پاس سے گزرنے والی گاڑیوں کے ڈرائیوروںنے بھی سر توڑ کوشش کی مگر انہیں اتنا ہی موقع نہ مل پایا کہ وہ لڑکی کی مدد کر پاتے۔ ایک عینی شاہد کا کہناتھا کہ وہ واقعہ کے وقت لڑکی کی کار سے 50گز کے فاصلے پر تھا مگر قبل اس کے وہ کچھ کر پاتا سب کچھ وقوع پذیر ہوچکا تھا۔