Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الحدیدہ میں پناہ گزینوں کے کیمپ پر حوثیوں کی گولہ باری ، دسیوں زخمی

ریاض.....  حوثی باغیوں نے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے ماتحت الحدیدہ کے الخوخہ ضلع میں واقع بنی جابر کیمپ پر گولہ باری کر کے دسیوں پناہ گزینوں کو زخمی کر دیا۔ ایک خاتون ہلاک ہو گئی۔ شاہ سلمان مرکز نے کیمپ پر گولہ باری کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے توجہ دلائی کہ بہت سارے پناہ گزین جن میں بچے بھی شامل تھے زخمی ہو گئے۔ شاہ سلمان مرکز کے منتظمین ، یمن کے مقامی حکام کے ساتھ رابطے کر کے صورتحال کو قابو کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے اعلامیہ جاری کر کے واضح کیا کہ حوثیوں نے پناہ گزینوں کے کیمپ پر حملہ کر کے انسانیت سوز بھیانک جرم کا ارتکاب کیا ہے۔ انہوں نے نہ انسانی حقوق کی پروا کی اور نہ ہی بین الاقوامی انسانی قانون کا احترام کیا۔ شاہ سلمان مرکز نے اقوام متحدہ اس کی تنظیموں اور عالمی برادری سے پرزور اپیل کی کہ وہ حوثیوں کے انسانیت سوز جرم کا سختی سے نوٹس لیں۔ یمن اور اس کے باشندوں کے ساتھ حوثیوں کی گھٹیا حرکتوں کو لگام لگانے کیلئے اپنے سماجی اور انسانی فرائض ادا کریں۔ شاہ سلمان مرکز نے بنی جابر کیمپ اگست کے مہینے میں قائم کیاتھا۔یہاں ہزاروں یمنی خاندان جو گھر سے بے گھر ہو گئے تھے ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں۔ حوثیوں نے ان کے گھروں پر قبضہ کر رکھا ہے۔ ان میں سے بعض گولہ باری کے ڈر سے بھی گھر بار چھوڑے ہوئے ہیں۔ 
 

شیئر: