لکھنؤ: چلتی بس آگ کے گولے میں تبدیل، 25مسافر زخمی
لکھنؤ۔۔۔۔لکھنؤ کے سروجنی نگر سے اسکوٹر انڈیا کے ملازمین کو لیکر گومتی نگر جانیوالی سٹی بس جب ایل ڈی کالونی کے پراگ ڈیری چوراہے کے قریب پہنچی تو اچانک اس کے انجن سے کثیف دھوا ںاٹھتا دکھائی دیا۔ڈرائیور اور کنڈیکٹر نے آگ بجھانے کی کوشش کی تاہم وہ کامیاب نہ ہوسکے اور دیکھتے ہی دیکھتے بس آگ کے گولے میں تبدیل ہوگئی۔ بس میں 30ملازمین سوار تھے۔ خوف و ہراس کے عالم میں بس کا ایمرجنسی دروازہ کھولنے کی کوشش کی گئی تاہم وہ نہ کھل سکا۔لوگوں نے بس کے شیشے توڑ کر کھڑکیوں سے باہر کودکر جان بچانے کی کوشش کی جس میں 25افراد زخمی ہوگئے۔بس کے ٹائر پھٹنے کی دہشت سے دکاندار دکانیں بند کر کے فرارہوگئے۔اطلاع ملنے کے بعدجب پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں تو اس وقت تک بس جل کر راکھ ہوچکی تھی۔آگ لگنے کا سبب شاٹ سرکٹ بتایا جارہا ہے۔موقع پر موجود آشیانہ کے رہنے والے عینی شاہد نے بتایا کہ آگ کے شعلوں میں گھری بس میں سوار ملازمین نے گھبراہٹ کے عالم میں بس کی کھڑکیوں سے کودنا شروع کردیا جس سے ان کے ہاتھ پائوں زخمی ہوگئے۔موقع پر موجود امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو فوراً اسپتال پہنچایا۔ پولیس نے واقعہ کی رپورٹ درج کرکے تحقیقات شروع کردی۔