Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی ٹیسٹ: پاکستان کی گرفت مضبوط،بلال آصف کی 6وکٹیں

دبئی: آسٹریلیا کے خلاف کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کی پہلی اننگز کے اسکور 482 کے جواب میں آسٹریلیا نے عمدہ آغاز کیا اس کی پہلی وکٹ 142 رنزپر گری لیکن اس کے بعد محمد عباس اور بلال آصف نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے صرف 60 رنز کے عوض آسٹریلیا کی پوری ٹیم 202 رنز پر پویلین واپس بھیج دی۔آسٹریلیا کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے ارون فنچ نے 62 رنز اور ان کے ساتھی اوپنر عثمان خواجہ نے 85 رنز بنائے ،پہلی اننگز میں پاکستان نے 280 رنز کی سبقت حاصل کر لی لیکن فالو آن کرنے کے بجائے کپتان سرفراز احمد نے خود بیٹنگ کرنے کو ترجیح دی۔ دوسری اننگز میں کھیل کے اختتام تک45 رنز پر 3 وکٹیں گنوا بیٹھے۔ پاکستان کے 33 سالہ آف اسپنر بلال آصف کی ٹیم میں شمولیت پر کئی لوگوں نے سوالات اٹھائے تھے لیکن انھوں نے کھانے کے وقفے کے بعد شاندار بولنگ کرتے ہوئے آسٹریلوی بلے بازوں کو تگنی کا ناچ نچا دیا اور شاہد آفریدی کے بعد پاکستان کی جانب سے پہلے اسپنر بن گئے جنھوں نے اپنے ڈیبیو پر5یا اس سے زائد وکٹیں حاصل کیں۔ لیگ ا سپنر شاہد آفریدی نے 20سال قبل کراچی کے نیشنل ا سٹیڈیم میں آسٹریلیا ہی کے خلاف اپنے پہلے میچ میں5وکٹیں حاصل کی تھیں۔ لنچ تک آسٹریلیا کا ا سکوربغیر کسی نقصان کے 137 رنزتھا۔لگ رہا تھا کہ آسٹریلوی بلے باز پاکستانی اسکور کے قریب پہنچ جائیں گے۔ محمد عباس نے ارون فنچ کو آوٹ کر کے یہ خواب سچ نہ ہونے دیا۔اگلی 4 وکٹیں بلال آصف نے حاصل کیں۔بلال آصف نے 6 اور محمد عباس نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد حفیظ اور امام الحق نے دوسری اننگز شروع کی تو پہلے محمد حفیظ اور اس کے بعد نائٹ واچ مین بلال آصف یکے بعد دیگرے آوٹ ہوگئے۔ 4رنز بنا کر اظہر علی بھی اسپنر جان ہالینڈ کا شکار ہو گئے۔ پاکستان 325 رنز کی سبقت سے میچ پر حاوی ہے اور 400 کا ہدف آسٹریلوی بلے بازوں کے لیے کافی دشوار ثابت ہو سکتا ہے۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ  جوائن کریں

شیئر: