دبئی ٹیسٹ: پاکستان کے 482 رنز،حارث سہیل کی پہلی ٹیسٹ سنچری
دبئی: حارث سہیل کی پہلی ٹیسٹ سنچری اور اسد شفیق کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت دبئی ٹیسٹ میں پاکستان کی پہلی اننگز کے 482 رنز کے جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم نے دوسرے دن کے کھیل کے اختتام تک اپنی پہلی اننگز میں بغیر کسی نقصان کے30رنز بنا لئے۔کھیل ختم ہوا تو عثمان خواجہ 17اور ایرون فنچ13رنز پر کھیل رہے تھے ۔آسٹریلیا کو اسکور برابر کرنے کیلئے مزید452کی ضرورت ہے اور اس کی تمام وکٹیں باقی ہیں۔ دبئی ٹیسٹ کے دوسرے دن پاکستانی ٹیم چائے کے وقفے کے بعد پہلی اننگز میں 482 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی تھی۔ دوسرے دن کی خاص بات محمد حفیظ اور امام الحق کے بعد حارث سہیل اور اسد شفیق کی 150 رنز کی شراکت تھی۔ اس دوران دونوں نے نصف سنچریاں بھی بنا لیں۔ اسد شفیق لیبسانج کی گیند پر 80 رنز بنا کر آوٹ ہوگئے تاہم حارث سہیل نے 110 رنز بنائے جو ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی پہلی سنچری ہے ۔ پاکستان نے پہلے دن کے اسکور 255 رنز 3 کھلاڑی آوٹ سے اننگز دوبارہ شروع کی تو نائٹ واچ مین محمد عباس گزشتہ روز کے اسکور میں کسی اضافے کے بغیر صرف ایک رن پر پیٹر سڈل کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔انہوں نے10گیندوں کا سامنا کیا ۔اس کے بعد حارث سہیل اور اسد شفیق نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور مجموعی اسکور 400 رنز تک پہنچا دیا، 410 پر اسد شفیق 80 رنز بنانے کے بعد مارنس کی گیند پر آوٹ ہوگئے۔یہ آسٹریلوی بولر کی پہلی ٹیسٹ وکٹ بھی تھی۔ اسد شفیق نے 165گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ایک چھکے اور 9چوکوں کی مدد سے یہ اسکور کیا۔ اسد شفیق کے بعد حارث سہیل کا ساتھ دینے نوجوان بیٹسمین بابر اعظم آئے لیکن 4 کے انفرادی اسکور پر رن آوٹ ہوگئے تاہم اس دوران دوسرے اینڈ پر موجود حارث سہیل نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی سنچری مکمل کی۔حارث سہیل 110 رنز بناکر ناتھن لیون کا شکار بنے۔حارث سہیل یادگار اننگز میں 240گیند وں پر 2چھکے اور8چوکے لگانے میں کامیاب ہوئے۔ کپتان سرفراز احمد 15، بلال آصف12اور یاسر شاہ3رنز بنا سکے اور پوری ٹیم 164.2اوورز میں482رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔سرفرازرن آوٹ ہوئے جبکہ وہاب ریاض7رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے ۔ آسٹریلیا کی جانب سے پیٹر سڈل 3 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ ناتھن لیون2 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔کھیل کے اختتامی اور مشکل لمحات میں عثمان خواجہ اور ایرون فنچ نے آسٹریلوی اننگز کا آغاز کیا اور 13اوورز تک پاکستانی بولرز کا کامیابی سے سامنا کرتے وکٹیں بچانے کے ساتھ ساتھ30رنز بنانے میں بھی کامیاب رہے۔سرفراز احمد احمد نے فاسٹ اور اسپن بولر کو آزمایا لیکن کامیابی حاصل نہ کرسکے۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ جوائن کریں