Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تبدیلی بھیانک خواب بن گئی،اسفند یار

پشاور...عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفند یار ولی خان نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات سے مہنگائی کا طوفان آیا ہوا ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حالیہ2 ماہ کے دوران آمدن کے مقابلے میں مہنگائی میں اس قدر تیزی سے اضافہ ہوا ہے کہ عوام فاقوں پر مجبور ہیں۔ اگر حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات نہیں کر سکتی تو کم از کم قیمتوں کو2 ماہ پہلے کی سطح پر واپس لے جا کر منجمد کر دے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی ، گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد تاجروں کی جانب سے تمام اشیا کی قیمتیں بڑھا دی گئیں جس کا سارا بوجھ غریب آدمی پر منتقل ہو ا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف اور بیرونی دنیا سے قرضوں پر خود کشی کو ترجیح دینے والے اب آئی ایم ایف کے سامنے ڈھیر ہو گئے ۔ جس کی بھاری قیمت قوم ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ معیشت پر آئی ایم ایف اور عالمی بینک کا قبضہ ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم سے تبدیلی اور نئے پاکستان کے نام پر ووٹ لئے لیکن اقتدار میں آ کر حکومت عوام کیلئے بھیانک خواب بن چکی ہے۔ ایک رات میں ڈالر 10سے20روپے مہنگا ہو رہا ہے۔پاکستانی کرنسی کو جان بوجھ کر گراوٹ سے دوچار کر دیا گیا جس کا اثر اب براہ راست عوام پر پڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ 2013میں جب اے این پی نے حکومت چھوڑی تو صوبے پر33ارب کا قرضہ تھا جو پی ٹی آئی کی سابق حکومت کے دور میں 367ارب سے تجاوز کر گیا ۔

شیئر: