لیونل میسی کا 40سے زائد گول کرنے کا منفرد اور مسلسل اعزاز
بارسلونا:مشہور زمانہ ارجنٹائنی فٹبالر اور ہسپانوی کلب بارسلونا کی جانب سے لیگ فٹبال کھیلنے والے لیونل میسی ایک اور منفرد اعزاز کے مالک بن گئے ہیں۔ میسی نے اسپینش لیگ کے میچ میں اپنی ٹیم کو شکست سے بچاتے ہوئے گول کرکے نہ صرف میچ برابر کیا بلکہ مسلسل 10ویں سال کیلنڈر ایئر میں بھی اپنے ملک یا کلب کی جانب سے 40یا اس سے زائد گول کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا ۔ اس سال میسی کے 41گول مکمل ہو چکے ہیں جبکہ ابھی سال ختم ہونے میں ڈھائی ماہ زائد کا عرصہ باقی ہے اور یہ بات یقینی ہے کہ میسی اپنے گول کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ کرنے میں کامیاب رہیں گے۔ اس دوران انہیں اپنے ملک کی جانب سے کھیلنے کے حوالے سے صورتحال غیر یقینی ہے کیونکہ ورلڈ کپ میں ٹیم کی خراب کارکردگی کے بعد ان کا انٹر نیشنل کیریئر بھی آگے بڑھتا نظر نہیں آتا جبکہ میسی پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ وہ ورلڈ کپ میں ٹیم کی ناکامی کی صورت میں ریٹائر ہو جائیں گے۔ میسی اس لیگ کے جاری سیزن میں اب تک 6گول کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں جبکہ چیمپیئنز لیگ میں ان کی شاندارکارکردگی کا سلسلہ جاری ہے۔ لیونل میسی نے 2009ء میں41گول کئے تھے جس کے بعد سے گزشتہ10سال سے اس ہندسے کو عبور کرتے آرہے ہیں۔ 2012ء میں انہوں نے سب سے زیادہ91گول کئے جبکہ 2016ءمیں ان کے گول کی تعداد59رہی تھی۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ جوائن کریں