حکومت نے50 دن میں 50 یوٹرن لئے ،شیری
اسلام آباد... پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمن نے کہا ہے کہ حکومت نے گزشتہ 50 دنوں میں50 یوٹرن لئے ۔ حکومت پارلیمنٹ کو کنٹینر سمجھنا بند کرے اور بتائے کہ آئی ایم ایف کی کونسی شرائط مان کر قرض لیا جارہا ہے۔ عوام پر تو پہلے ہی گیس، پٹرول اور سی این جی بم گرا دیا ۔ آئی ایم ایف کے پاس جانے سے مہنگائی مزید بڑھے گی۔ بدھ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث معیشت مزید تباہ ہو رہی ہے۔ موجودہ حکومت کا پیش کردہ بجٹ بھی مسلم لیگ ن کی حکومت کے بجٹ کا تسلسل ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت بتائے کہ آئی ایم ایف کی کونسی شرائط مان کر قرض لیا جارہا ہے ۔ آئی ایم ایف کے پاس جانے سے مہنگائی مزید بڑھے گی ۔ حکومت غریب عوام پر گیس ‘ پیٹرول اور سی این جی بم تو پہلے ہی گرا چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہند کو مذاکرات کی دعوت دے کر پاکستان کا مذاق اڑایا گیا ۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ بھی جاری نہیں کیا گیا۔ شیری رحمن نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ حکومت اپنے وعدے پورے کرے لیکن حکومت خود اپنے رویے سے اپنے وعدوں کی تکمیل نہیں چاہتی ۔حکومت پارلیمنٹ کو کنٹینر سمجھنا بند کرے اور ٹیکس نیٹ بڑھانے اور نیا پاکستان بنانے کے وعدے پورے کرے۔