”شہباز شریف کی گرفتاری جمہوریت کے سینے پر زخم ہے“
مسلم لیگ (ن) ریاض ریجن کی پریس کانفرنس میں گرفتاری کی شدید مذمت
ریاض( ذکاءاللہ محسن ) مسلم لیگ ن ریاض ریجن کی جانب سے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی گرفتاری کے حوالے سے پریس کانفرنس کی گئی جس میں شہباز شریف کی گرفتاری کو موجودہ حکومت کی سنگین غلطی قرار دیا گیا ریاض کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن ریاض ریجن کے صدر خالد اکرم رانا کا کہنا تھا کہ میاں شہباز شریف کی گرفتاری جمہوریت کے سینے پر زخم ہے موجودہ حکومت انتقامی اور ریاستی کارروائیاں کر کے اپوزیشن کو وقتی طور پر دبا تو سکتی ہے لیکن ان کارروائیوں کی بنیاد پر اپنا وجود زیادہ دیر تک قائم نہیں رکھ سکے گی اس جعلی مینڈیٹ کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ۔ سر پرست اعلی چوہدری عبدالمجید گجر نے کہا میاں شہباز شریف کی گرفتاری ملک میں افراتفری پیدا کرنے کی کوشش ہے احتساب کے نام پر انتقام قبول نہیں ۔ پریس کانفرنس سے زاہد لطیف سندھو۔سردار شعیب - رانا خادم حسین - رانا شبیر - امتیاز احمد - خادم بجاڑ - ملک محمود اعوان - فیصل علوی اور دیگر نے بھی شہباز شریف کی گرفتاری پر شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائدین کے خلاف ہونے والی کارروائیوں کے خلاف اعلی سطح پر آواز بلند کریں گے اور تمام تر انتقامی کارروائیوں کے باوجود ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن واضح اکثریت حاصل کرے گی یہ کارروائیاں پاکستان مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی حوصلہ شکنی نہیں کر سکتیں۔