Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کینگرو جمپ اور تماشائیوں پر حملہ، انڈیا پاکستان میچ کے پانچ متنازع لمحات

انڈیا اور پاکستان کے درمیان میچ کروڑوں شائقین کرکٹ دیکھتے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
بیشتر کرکٹ ماہرین کے خیال میں دنیا میں کرکٹ کے بطور کھیل عالمی سطح پر برقرار رہنے کی سب سے بڑی وجہ انڈیا اور پاکستان کا میچ ہے۔
دونوں ممالک کی کروڑوں نفوس پر مشتمل آبادی بڑے شوق سے انڈیا اور پاکستان کا میچ دیکھتی ہے، اس وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ میچ کو دنیا کا سب سے بڑا کرکٹ میلہ بھی کہا جاتا ہے۔
تاہم دونوں ممالک کے درمیان سفارتی کشمکش کے باعث کرکٹ میچ کے کم مواقع دیکھنے کو ملتے ہیں۔
حالیہ عرصے میں انڈیا اور پاکستان صرف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ٹورنامنٹس میں ہی آمنے سامنے آئے ہیں۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا بھی اہم ترین میچ انڈیا اور پاکستان کے درمیان 23 فروری کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔
آئیے آپ کو انڈیا اور پاکستان کے درمیان کرکٹ میچ کے چند متنازع لمحات کے بارے میں بتاتے ہیں جو آج کل سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے ہیں۔

جاوید میانداد کا کینگرو جمپ

 اے ایف پی کے مطابق پاکستان کے جاوید میانداد ہمیشہ ہی اپنی بیٹنگ یا سلیجنگ کے ذریعے حریفوں کو پریشان کرنے کا کوئی نہ کوئی طریقہ ایجاد کر لیتے تھے۔
سنہ 1992 کے ورلڈ کپ میں انڈیا کے خلاف ایک میچ میں بھی جاوید میانداد نے کچھ ایسا ہی کیا جو کرکٹ کی تاریخ میں ایک یادگار لمحے کے طور پر یاد رکھا جاتا ہے۔
اس میچ کے دوران انڈین وکٹ کیپر کرہن مور مسلسل جاوید میانداد سے باتیں کر رہے تھے اور بظاہر انہیں چڑا رہے تھے۔
اسی دوران جاوید میانداد نے ایک چھوٹی سی شاٹ کھیلی اور رنز بنانے کے لیے دوڑے، لیکن گیند چونکہ فیلڈر کے ہاتھ میں آ گئی تو آؤٹ ہونے کے خدشے کے باعث وہ پیچھے ہٹ کر دوبارہ کریز پر آ گئے۔
اس کے بعد میاںداد نے اچھل کر متعدد جمپ لگائیں جس پر تماشائیوں اور کمینٹیٹرز نے قہقے لگائے۔

انضمام الحق کا شائقین پر حملہ

عام طور پر کول رہنے والے پاکستانی بیٹر انضمام الحق  سنہ1997 میں ٹورنٹو میں انڈیا کے خلاف میچ کے دوران شائقین کرکٹ پر چڑھ دوڑے تھے۔
وہ باونڈری کے قریب کھڑے تھے تو ان کی بھاری جسامت کی وجہ سے شائقین نے نعرے لگانا شروع کر دیے۔
جب ان نعروں کی آواز تیز ہوتی گئی اور یہ تھمنے کا نام نہیں لے رہے تھے تو انظمام الحق نے ساتھی کھلاڑی کو کہہ کر ڈریسنگ روم سے بیٹ منگوایا اور باؤنڈری لائن کراس کر کہ تماشائیوں کے سٹینڈ میں گھس گئے۔
وہاں انہوں تماشائیوں پر حملہ بھی کیا تاہم بعد میں سٹیڈیم کی سیکورٹی کی مداخلت سے انضمام کرکٹ شائقین کے سٹیںڈ سے باہر آئے۔

گھوتم گھمبیر اور شاہد آفریدی کے درمیان گالم گلوچ

انڈیا کے سابق بیٹر اور موجودہ کوچ گوتم گھمبیر نے سنہ 2007 میں ایک میچ کے دوران پاکستان کے کرکٹ سٹار شاہد آفریدی کو ایک باؤنڈری لگائی جس کے بعد دونوں کے درمیان زبانی تکرار ہوئی اور معاملہ ہاتھا پائی تک پہنچ گیا جو امپائرز کی مداخلت پر ختم ہوا۔
اس کے بعد رنز کے لیے دوڑتے ہوئے شاہد آفریدی اور گھوتم گھمبیر بظاہر جان بوجھ کر ٹکرائے۔
اس موقع پر دونوں کے درمیان سخت جملوں اور گالیوں کا تبادلہ ہوا، یہ معاملہ بھی امپائرز کی مداخلت پر ختم ہوا۔
دونوں کرکٹرز کے درمیان سرد جنگ سوشل میڈیا پر ایک دوسرے پر طنز کی صورت میں آج بھی جاری رہتی ہے۔

جب شعیب اختر نے ہر بھجن سنگھ کو غصہ دلایا

دنیا کے تیز ترین بولر شعیب اختر بھی کبھی لڑائی سے پیچھے نہیں ہٹے۔ سنہ 2010 میں ایشیا کپ میں انڈیا پاکستان کے میچ میں ہربھجن سنگھ اور شعیب اختر کے درمیان چپقلش ہوئی جس کا خاتمہ انڈیا کی جیت کی صورت میں ہوا۔
شعیب اختر نے میچ کے سیکنڈ لاسٹ اوور کے دوران ہر بھجن سنگھ کو ایک ڈاٹ بال کرائی اور سلیجنگ بھی کی۔
ان کی اس حرکت نے ہربجھن کو سخت غصہ دلایا اور بلآخر محمد عامر کے آخری اوور میں ہربھجن سنگھ نے چھکا لگا کر میچ جیتا۔
اس کے بعد ہر بجھن سنگھ نے شعیب اختر کے سامنے جیت کا خوب جشن منایا۔
چیمپئنز ٹرافی 2025 کے پرومو میں دونوں کھلاڑیوں نے اس لمحے کو دہرایا ہے۔

 

شیئر: