چھوٹی گاڑیاں فی گھنٹہ 120کلومیٹر کی بجائے 140کلومیٹر کی رفتار سے چلائی جاسکتی ہیں
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) مملکت میں شاہراہوں پر ٹریفک کے لئے حد رفتار میں تبدیلی کے بعد مدینہ منورہ ، قصیم شاہراہ پر رفتار کی انتہائی حد کا نفاذ کل سے کر دیا گیا ۔ ٹریفک پولیس نے اپنے ٹویٹر اکاﺅنٹ پر مدینہ منورہ سے قصیم جانے والی شاہراہ پر حد رفتار میں اضافے کے قانون کو یکم صفر 1440 ہجری بروز بدھ سے نافذ کر دیا ہے ۔ مذکورہ ہائی وے پر نئے قانون سے قبل چھوٹی گاڑیوں کےلئے حد رفتار 120 کلو میٹر فی گھنٹہ تھی جسے بڑھا کر اب 140 کلو میٹر فی گھنٹہ کر دیا گیا ہے ۔ بسوں کےلئے رفتار کی انتہائی حد کو 80 سے بڑھا کر 100 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ ٹرکوں کےلئے رفتار کی انتہائی حد 80 کلو میٹر فی گھنٹہ متعین کی گئی ہے ۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ قصیم سے حائل جانے والی شاہراہ پر بھی رفتار کی حد میں اضافہ کیا گیا ہے جس کا نفاذ قصیم کی جانب سے ایگزٹ نمبر531 سے لیکر السنید پل کی ایگزٹ نمبر 780 تک ہو گا ۔ مذکورہ شاہراہوں کی حدود کے بعد رفتار کی حد میں سابقہ حد پر عمل کرنا ہر ایک پر لازم ہے ۔ ٹریفک پولیس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ رفتار میں اضافہ بتدریج کیاجارہا ہے تاہم شاہراہوں پر سفر کرنے والوں کو چاہئے کہ وہ قوانین کا خاص خیال رکھیں ۔ ٹریفک قوانین لوگوں کی سلامتی کےلئے مرتب کئے جاتے ہیں جن پر عمل کرنا ہر ایک کا فرض ہے ۔ شاہراہوں پر نصب ٹریفک سائن کی پابندی کریں جو مختلف مقامات پر لگائے گئے ہیں ۔ شاہراہوں پر خطرناک موڑ پر رفتار کی حد کم رکھی گئی ہے جس پر عمل کیاجائے ۔ خطرناک موڑ کاٹتے وقت اس امر کا خاص خیال رکھا جائے کہ گاڑی مقررہ رفتار کی حد میں چلائی جائے ۔