ایم جے اکبر اطمینان بخش جواب دیں ،ورنہ استعفیٰ دیں،کانگریس
جمعرات 11 اکتوبر 2018 3:00
نئی دہلی۔۔۔۔’’می ٹو مہم‘‘ میں مرکزی وزیر ایم جے اکبر پر الزامات لگنے پر کانگریس نے مطالبہ کیا کہ اکبر صفائی پیش کریں یا پھر اپنے عہدہ سے استعفیٰ دیں۔ پارٹی کے سینیئر ترجمان ایس جے پال ریڈی نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایم جے اکبر کو اس معاملے میں وضاحت کرنی چاہئے یا پھرمستعفی ہوجانا چاہئے۔سینیئر جرنلسٹوں کی جانب سے لگائے گئے الزامات کے بعد ان کا عہدے پر برقرار رہنا مناسب نہیں۔ان پر لگائے گئے الزامات کی تحقیقات کرائی جائے۔ ریڈی نے اس معاملے پر سشما سوراج کی خاموشی پر سوال کھڑا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داری سے گریز کررہی ہیں اور اس پر کسی قسم کے تبصرے سے گریز کررہی ہیں۔پارٹی کی ایک اور ترجمان پرینکا چترویدی نے کہا کہ یہ افسوسناک بات ہے کہ ایک خاتون ہوتے ہوئے بھی سشما سوراج جی نے کچھ نہیں کہا۔ بی جے پی رہنماادت راج کے متنازع بیان پر پرینکا نے کہا کہ ادت راج کا بیان شرمناک اور قابل مذمت ہے۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ کو ملک کی خواتین سے معافی مانگنی چاہئے۔