نیب متحرک‘ منظور وٹو کے خلاف بھی تحقیقات شروع
لاہور: سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور وفاقی وزیر منظور وٹو کے خلاف بھی نیب نے گھیرا تنگ کرنا شروع کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق منظور وٹو کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق کرپشن کے مقدمات میں ملوث بڑے سیاسی ناموں کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) نے کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس حوالے سے محکمے نے سابق وفاقی وزیر منظور وٹو کے خلاف بھی یوٹیلٹی اسٹورز میں غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق الزامات پر تحقیقات شروع کردی ہیں۔
نیب ذرائع کے مطابق منظور وٹو نے 2008ء تا 2013ء وفاقی وزیر صنعت و پیداوار کی حیثیت سے یوٹیلٹی اسٹورز میں 200 سے زائد ایریا منیجرز کو بھرتی کیا تھا جسے غیر قانونی عمل کہا جا رہا ہے۔ نیب کے مطابق منظور وٹو کے خلاف متعلقہ محکموں سے ریکارڈ حاصل کیا جاچکا ہے اور جلد ہی انہیں بیان قلمبند کروانے کے لیے طلب کیا جائے گا۔