اسلام آباد: کل ملک بھر میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ ہوگی۔ اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے اپنے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق 35 حلقوں میں مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدوار میدان میں اتریں گے۔الیکشن کمیشن کے اعداد شمار کے مطابق قومی اسمبلی کے 11 اورصوبائی اسمبلی کے 24 حلقوں میں پولنگ کے انتظامات مکمل ہیں۔تفصیلات کے مطابق ضمنی انتخابات کے لیے 95 لاکھ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں جبکہ اس 35 حلقوں میں ہونے والے انتخابی مقابلے میں 641 امیدوار شامل ہیں۔ 7 ہزار 489 پولنگ اسٹیشنوں پر 92 لاکھ 83 ہزار 74 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جبکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے مختلف حلقوں کے 727 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس بھی قرار دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق 40 ہزار سے زائد پاک فوج کے جوان فرائض سرانجام دیں گے جب کہ ایک لاکھ پولیس اور دوسرے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا۔